22

سینیٹ نشستیں، تحریک انصاف اور اپوزیشن میں بیک ڈور معاہدہ طے پا گیا، ذرائع

خیبرپختونخوا میں آئندہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اپوزیشن وفد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی ہے۔

باخبر ذرائع کے مطابق ملاقات میں سینیٹ الیکشن سے متعلق حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس کے نتیجے میں ممکنہ معاہدے کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔

اس اہم بیٹھک میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عطاء الحق درویش، اور سینیٹر ڈاکٹر طلحہ محمود نے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں 5/6 فارمولے پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے، جس کے تحت تحریک انصاف کو 6 اور اپوزیشن کو 5 سینیٹ نشستیں دی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور اپوزیشن قائدین کے مابین اس فارمولے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعلیٰ نے معاہدے سے متعلق اپنا ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کروا دیا ہے جس میں انہوں نے مفاہمت پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

معاہدے کے تحت اپوزیشن کی جانب سے طلحہ محمود، عطا الحق درویش، روبینہ خالد، دلاور خان اور نیاز احمد بلامقابلہ سینیٹرز منتخب ہوں گے، جبکہ تحریک انصاف کی طرف سے مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا محمد آفریدی، نورالحق قادری، اعظم سواتی اور روبینہ ناز کے نام سامنے آئے ہیں۔

تاہم ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ پارٹی کے بعض ناراض امیدوار اس معاہدے پر آمادہ نہیں ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پارٹی ارکان سے ٹیلیفونک رابطے کیے اور سخت لہجے میں انہیں اعتماد میں لینے کی کوشش کی، لیکن ناراضی کی فضا مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکی۔

صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ تمام 11 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوں تاکہ کسی قسم کی ہارس ٹریڈنگ یا سیاسی تنازع سے بچا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے اس مقصد کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو ناراض رہنماؤں کو منانے کی کوشش کرے گی۔

دوسری تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی صدر جنید اکبر نے طویل عرصے کے بعد شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر مشاورت کی گئی اور ناراض امیدواروں کی جانب سے سینیٹ انتخابات سے دستبردار نہ ہونے کا معاملہ زیر بحث آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی تقسیم پر پارٹی کو اختلافات سے بچانے کیلیے امیدواروں کی فہرست پر غور کرنے کیلیے پی ٹی آئی قیادت آج صبح پشاور آئے گی اور وزیر اعلیٰ کے ساتھ مشاورت کے بعد معاملے کا حل نکالیں گے۔

صوبائی صدر پاکستان تحریک انصاف جنید اکبر خان کی ہدایات پر عرفان سلیم، عائشہ بانو ،خرم ذیشان، ارشاد حسین اور وقاص اورکزئی نے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ صاحب سے ملاقات کی اور انہیں اپنے تحفظات اور کارکنوں کے جذبات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان اکرم راجہ پشاور میں عرفان سلیم اور مذکورہ افراد کے ہمراہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور سے ملاقات کریں گے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخابات 21 جولائی کو ہونے جا رہے ہیں، جن میں 7 جنرل، 2 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹس کی نشستیں شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں