72

رخشان ڈویژن بلوچستان اور پاکستان کا دل، ریکوڈک منصوبے کے تمام غیر ہنر مند ملازمین بلوچستان سے ہیں، سرفراز بگٹی

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ رخشان ڈویژن بلوچستان اور پاکستان کا دل ہے، یہاں قدرتی وسائل اور معدنی ذخائر کی موجودگی اسے غیر معمولی اہمیت کا حامل بناتی ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ریکوڈک منصوبے کا 25 فیصد منافع بلوچستان کو حاصل ہوگا، جبکہ منصوبے میں تمام غیر ہنر مند ملازمین بلوچستان سے رکھے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے یہ بات دالبندین میں منعقدہ ایک قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے رخشان ڈویژن کے تمام سرکاری ڈگری کالجز میں بی ایس پروگرام کے طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے تاکہ نوجوان نسل کو جدید تعلیم سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔دالبندین میں منعقدہ اس تاریخی جرگے میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، صوبائی وزراء، اعلیٰ سول و عسکری حکام، قبائلی عمائدین، خواتین، طلباء اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔تقریب کا آغاز یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھانے اور فاتحہ خوانی سے ہوا۔ بعد ازاں شرکاء نے علاقائی عمائدین، خواتین اور نوجوانوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے۔قبائلی رہنماؤں اور عمائدین نے جرگے میں بلوچستان میں قیامِ امن اور ترقی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا اور حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں