حکومت بلوچستان نے کوئٹہ میں تجاوزات کے خلاف مؤثر اقدامات کا فیصلہ کرلیا، کوئٹہ میں میونسپل قوانین پرعمل کے لیے مجسٹریٹس کی تقرری کی منظوری دے دی۔
ڈان نیوز کے مطابق کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت صفائی کوئٹہ پروگرام پر اہم اجلاس ہوا، وزیراعلی کو آگاہ کیا گیا کہ زیر قبضہ تمام سرکاری اراضی اور پراپرٹیز کو واگزار کروانے کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تجاوزات کے خاتمے کی مہم کو تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کوئٹہ کی خوبصورتی، نکاسی آب اور کوڑا کرکٹ کی صفائی مستقل بنیادوں پریقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ عوام کو سہولیات دینا حکومت کی ترجیح ہے، کوئٹہ شہر کو جدید، صاف اور منظم شہری سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تجاوزات شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث ہیں، کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔