کیریبین جزیرے گواڈیلوپ سے تعلق رکھنے والی ایک فرانسیسی خاتون میں خون کے نئے گروپ کی دریافت کی گئی ہے، جسے “گواڈا نیگیٹو” کا نام دیا گیا ہے۔
فرانس کی بلڈ سپلائی ایجنسی نے اس دریافت کا اعلان ایک ایسے مریض سے خون کا نمونہ موصول ہونے کے 15 سال بعد کیا جو سرجری سے پہلے معمول کے ٹیسٹ کروا رہا تھا۔
ایجنسی نے سماجی نیٹ ورک LinkedIn پر ایک بیان میں کہا کہ یہ دنیا کا 48 واں بلڈ گروپ سسٹم دریافت کیا گیا ہے۔
اس دریافت کو باضابطہ طور پر جون کے اوائل میں میلان میں بین الاقوامی سوسائٹی آف بلڈ ٹرانسفیوژن نے تسلیم کیا۔ سائنسی ایسوسی ایشن نے اب تک 47 بلڈ گروپ سسٹمز کو تسلیم کیا ہوا ہے۔
اس دریافت میں شامل فرانس کی بلڈ سپلائی ایجنسی کے ایک طبی ماہر حیاتیات تھیری پیرارڈ نے اے ایف پی کو بتایا کہ مریض میں پہلی بار 2011 میں ایک “انتہائی غیر معمولی” اینٹی باڈی پائی گئی تھی۔ تاہم، اس وقت کے محدود وسائل نے مزید تحقیق کی اجازت نہیں دی تھی۔