بلوچستان میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر اسپیکر اسمبلی کا سخت نوٹس، کیسکو اور سوئی سدرن حکام طلب

33

بلوچستان میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور عوامی شکایات پر اسپیکر صوبائی اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام کو اسمبلی میں طلب کرلیا۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی نے کیسکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی زیر صدارت اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں اسپیکر کی رولنگ کی روشنی میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے چیف اور سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے جنرل منیجر نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے بالخصوص کوئٹہ میں بجلی اور گیس کی فراہمی، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی علی مدد جتک، ہادیہ نواز بحرانی، فرح عظیم شاہ، سلمیٰ بی بی، کلثوم نیاز بلوچ، شاہدہ رؤف، زرک خان مندوخیل، ملک نعیم خان بازئی، لیاقت علی لہڑی، صفیہ بی بی اور محمد خان لہڑی شریک ہوئے۔اراکین اسمبلی نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، انتہائی کم وولٹیج اور بجلی کی عدم دستیابی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

شدید سرد موسم میں بھی شہریوں کو بجلی اور گیس جیسی بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے، جس پر انہیں اپنے حلقوں میں عوام کے سامنے جواب دینا پڑتا ہے۔اراکین نے کہا کہ صوبائی ترقیاتی پروگرام کے تحت توانائی کے شعبے کے لیے فنڈز مختص ہونے کے باوجود بجلی کی فراہمی سے متعلق متعدد اسکیمیں تاحال مکمل نہیں ہو سکیں۔ اگر ان منصوبوں کے فنڈز جاری ہوچکے ہیں تو ان کی عدم تکمیل کی ذمہ داری کیسکو پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے شکایت کی کہ عوامی نمائندوں کے رابطوں کے باوجود بعض علاقوں کے ایس ڈی اوز فون تک وصول نہیں کرتے، جبکہ اعلیٰ حکام کی جانب سے ملاقاتوں میں مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کے باوجود عملی پیش رفت نظر نہیں آتی۔اس موقع پر اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے کہا کہ اجلاس کا بنیادی مقصد متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام سے یہ جاننا ہے کہ عوام، بالخصوص کوئٹہ کے شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیا عملی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قلت کا مسئلہ اسمبلی میں مسلسل اٹھایا جا رہا ہے اور متعلقہ حکام کو بارہا طلب بھی کیا جاتا ہے، لیکن عوامی مشکلات میں خاطر خواہ کمی نہیں آ رہی۔اسپیکر نے واضح کیا کہ اگر چند صارفین بجلی کے بل ادا نہیں کرتے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ درجنوں دیگر گھرانوں کو بھی بجلی سے محروم رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دیہی علاقوں میں فوری طور پر مسائل حل کرنا ممکن نہیں تو کم از کم شہری علاقوں میں زیرو لوڈشیڈنگ یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر دونوں وفاقی اداروں کو بجلی اور گیس کی فراہمی کے حوالے سے انتظامی یا مالی مسائل درپیش ہیں تو انہیں واضح طور پر اسمبلی کے سامنے رکھا جائے تاکہ متعلقہ فورمز پر ان کے حل کے لیے بات کی جا سکے۔ اسپیکر نے مزید کہا کہ زرعی شعبے کے لیے بجلی کے استعمال اور ٹرانسفارمرز کی فراہمی سے متعلق پابندیوں کے باوجود دستیاب توانائی کو عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

اجلاس میں چمن کی ایک غریب خاتون کو 57 ہزار روپے کا بجلی بل موصول ہونے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ اسپیکر کے مطابق خاتون کے گھر میں صرف دو پنکھے اور تین بلب موجود ہیں، جبکہ انہوں نے متعلقہ حکام سے گھر کا دورہ کرکے اصل صورتحال دیکھنے کی درخواست بھی کی تھی، لیکن ان کی شکایت کا مؤثر ازالہ نہیں ہوسکا۔ اسپیکر نے اس معاملے کو صارفین کی شکایات کے ازالے کے نظام میں ممکنہ بے ضابطگیوں اور کمزوریوں کی نشاندہی قرار دیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب صوبے میں تقریباً 27 ہزار ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی کے نظام پر منتقل کیا جا چکا ہے تو اس کے باوجود بجلی کی قلت اور لوڈشیڈنگ کے مسائل برقرار کیوں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں کو صرف اعداد و شمار پیش کرنے کے بجائے عوام کو عملی ریلیف فراہم کرنا ہوگا۔کیسکو چیف مجیب مری نے اجلاس کو بتایا کہ بجلی کی فراہمی میں مختلف علاقوں میں بجلی چوری، سرکاری محکموں کے ذمے واجب الادا بلوں اور دیگر انتظامی مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے حکومت بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ بجلی چوری کی روک تھام اور نگرانی کے لیے دو مجسٹریٹس فراہم کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں بجلی چوری نہیں ہوتی وہاں صارفین کو حتی الامکان سو فیصد بجلی فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی راحیل ملک نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایران جنگ کے باعث گیس کی قلت، چوری اور گیس لائنوں کو نقصان پہنچنے کے مسائل درپیش ہیں۔

کمپنی کے چار زونز میں ہونے والے نقصانات کے پیش نظر مختلف علاقوں میں گیس کی دستیابی کو متوازن رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے اراکین اسمبلی کو تجویز دی کہ ہر علاقے کے لیے ایک فوکل پرسن نامزد کیا جائے تاکہ گیس کی فراہمی میں تعطل یا مقررہ اوقات کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر مسئلہ حل کیا جا سکے۔ ان کے مطابق گیس کی لوڈشیڈنگ کے اوقات پاور ڈویڑن طے کرتا ہے، جبکہ بعض اضلاع میں سیکیورٹی مسائل کے باعث بوزرز کے ذریعے گیس کی فراہمی میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

اجلاس کے اختتام پر اسپیکر نے ہدایت کی کہ حکومت بلوچستان کے جن محکموں کے ذمے کیسکو کے بجلی کے واجبات ہیں، ان کی مکمل فہرست مرتب کرکے پیش کی جائے تاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے سامنے معاملہ اٹھا کر واجبات کی ادائیگی اور وصولی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔اسپیکر نے واضح کیا کہ عوام کو بجلی اور گیس کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کی نگرانی جاری رکھی جائے گی اور عوامی نمائندوں کے تحفظات حکام کے سامنے اٹھائے جاتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں