ناکاریِ قلب

32

جب کسی سے یہ کہا جاتا ہے کہ اس کا دل فیل (Fail) ہو رہا ہے، ناکاریِ قلب ہے یا دل کی کارکردگی میں کمی ہے تو غلط فہمی سے مریض اور اس کے اعزہ پر خوف طاری ہو جاتا ہے۔دل کے فیل ہونے سے مراد یہ نہیں ہے کہ دل کا دھڑکنا بند ہونے والا ہے۔دراصل جس دل سے متعلق یہ کہا جا رہا ہے کہ وہ فیل ہو رہا ہے وہ بدستور کام کرتا رہتا ہے، صرف اتنا فرق آ جاتا ہے کہ اب اس دل میں اس قدر استطاعت اور استعدادِ کار نہیں رہتی، جتنی پہلے تھی، گو جدید طب کو وہ طریقے معلوم ہیں جن سے دل کی قوتِ کارکردگی بڑھائی جا سکتی ہے، اسی طرح بیماروں کو اس قابل بنا دیا جاتا ہے کہ وہ تقریباً معمول کے مطابق زندگی گزار سکیں۔

اس مرض کو قدیم طبی اصطلاح میں استسقا یا جلندھر (جلندر) کہا جاتا تھا۔

جب یہ کیفیت اچانک رونما ہو جائے اور سانس پھولنے لگے تو یہ قلبی دمہ کہلاتا ہے۔یہ کیفیت خفیف بھی ہو سکتی ہے اور شدید بھی، گو اکثر اوقات متوسط درجے میں رہتی ہے اور اس وقت رونما ہوتی ہے، جب دل کی خون کو پمپ کرنے کی صلاحیت میں نمایاں کمی آ جائے۔اس حالت میں دل کے عضلات میں پوری قوت باقی نہیں رہتی اور تمام جسم میں مناسب انداز سے دورانِ خون جاری و ساری نہیں رہتا، نتیجتاً ضرورت کے مطابق خون کی ترسیل مختلف حصہ ہاے جسم کو نہیں ہو پاتی۔
اس تکلیف کا علاج یہ ہے کہ دل جن اسباب سے ناکارہ ہو رہا ہے، ان کی جلد اصلاح کی جائے اور ممکن ہو تو عضلاتِ قلب کو توانا بنایا جائے۔
دل کی کارکردگی کم ہونے کے اسباب میں سب سے اول تو حملہِ قلب ہے۔اس کے علاوہ گٹھیائی بخار (Rheumatic Fever) ہے۔پیدائشی نقص اور بلند فشارِ خون کی وجہ سے بھی دل ناکارہ ہو جاتا ہے۔جب دل ناکارہ ہو جاتا ہے تو روانیِ خون رگوں میں آہستہ ہوتی ہے اور خون کا سیال مادہ رگوں کی پتلی دیواروں سے نکل کر آس پاس کی بافتوں (Tissues) میں جمع ہو جاتا ہے۔
جب یہ زیادہ ہو جائے تو تمام جسم پر سوجن آ جاتی ہے جو ٹخنوں، ٹانگوں اور پیٹھ کے نچلے حصوں میں زیادہ نمایاں ہوتی ہے۔جب یہ صورت پھیپھڑوں میں ہو تو سانس پھولتا ہے اور بیمار کو اٹھ کر بیٹھنا پڑتا ہے، جو قلبی دمہ کہلاتا ہے۔دل کی کارکردگی کم ہونے سے گردوں کو بھی مناسب مقدار میں خون نہیں ملتا، نتیجتاً وہ نمک اور پانی کو جسم میں روکتے ہیں، جس سے سوجن مزید بڑھ جاتی ہے۔
اس مرض کی علامات میں سوجن اور سانس پھولنا شامل ہیں۔جب تکلیف زیادہ ہوتی ہے تو مریض رات کو بہ آسانی نہیں سو سکتا، گو سرہانے دو تین تکیے رکھنے سے قدرے آرام مل سکتا ہے۔بعض اوقات جسم میں پانی اور نمک کی زیادتی کی وجہ سے وزن بھی تیزی سے بڑھتا ہے۔ٹخنوں پر سوجن کی دیگر عام وجوہ میں پھولی ہوئی نیلی رگیں، حمل اور زیادہ دیر تک کھڑے رہنا بھی شامل ہے۔

ناکاریِ قلب کا علاج یہ ہے کہ ان اسباب کو دور کیا جائے، جن سے دل اپنا فعل صحیح طرح انجام نہیں دے پاتا، یعنی بلند فشارِ خون کو کم کیا جائے۔صمام (والو) ناقص ہیں تو جراحی سے اصلاح کی جائے، عضلاتِ قلب کمزور ہیں یا دل کی رفتار یا چال میں فرق ہے تو اس کا علاج کیا جائے۔المختصر ناکاریِ قلب کا علاج متعدد طریقوں سے کیا جاتا ہے، یعنی مریض کو آرام کرانا، کم نمک والی غذا و ادویہ کھلانا اور سوجن کو کم کرنے کے لئے پیشاب آور دوا بھی کھلانا۔
جراحی سے دل کے پٹھوں کو توانا کیا جا سکتا ہے۔ہنگامی صورتِ حال قابو میں آنے اور حالت بہتر ہونے کے بعد یہ ضروری ہے کہ معالج کے مشورے سے ادویہ جاری رکھی جائیں۔جو مریض صدقِ دل سے معالج کے مشورے پر عمل کرتے ہیں، وہ بعد میں اکثر کام معمول کے مطابق انجام دے سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں