وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان ریونیو اتھارٹی (بی آر اے) میں اصلاحات کی ہدایت کرتے ہوئے ڈیپوٹیشن پر تعینات افسران کو ان کے متعلقہ محکموں میں واپس بھیجنے اور ادارے کی استعداد کار بہتر بنانے کے لیے مارکیٹ اور مختلف شعبوں کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ ہدایات بدھ کو وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں بی آر اے کی کارکردگی، سالانہ محصولات کے اہداف اور انتظامی و ادارہ جاتی اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران جاری کی گئیں، جس کی صدارت وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کی۔
اجلاس میں بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی مجموعی کارکردگی، محصولات کی وصولی اور ادارے کے امور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو سیکریٹری خزانہ جہانگیر خان اور بی آر اے کے چیئرمین عبداللہ خان نے ادارے کی کارکردگی، سالانہ مالیاتی اہداف کے حصول میں پیش رفت، محصولات میں اضافے کے ممکنہ ذرائع اور مجوزہ اصلاحاتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بی آر اے میں ڈیپوٹیشن پر تعینات افسران کو ان کے متعلقہ محکموں میں واپس بھیجا جائے گا، جبکہ ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور انتظامی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مارکیٹ اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
مجوزہ اقدامات کا مقصد خصوصی مہارت، تکنیکی صلاحیت اور بہتر انتظامی طریقہ کار سے استفادہ کرتے ہوئے محصولات میں اضافے کے لیے جدید اور مؤثر حکمت عملی وضع کرنا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی کو ایک مضبوط، فعال اور پیشہ ورانہ بنیادوں پر چلنے والا ادارہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ محصولات کی وصولی کے روایتی طریقوں کی جگہ جدید انتظامی طریقہ کار اور تکنیکی مہارت کو فروغ دیا جائے تاکہ ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ صوبے کے مالیاتی اہداف بھی حاصل کیے جا سکیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے مالی وسائل میں اضافے اور سالانہ محصولات کے اہداف کے حصول کے لیے بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی ادارہ جاتی استعداد کار کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ اصلاحات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے اور ادارے کی مجموعی کارکردگی بہتر کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکریٹری خزانہ جہانگیر خان، چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی عبداللہ خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔









