گوادر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور سفری سہولیات کی بہتری کے لیے پیشکان لنک روڈ کا ٹینڈر آئندہ ہفتے جاری کرنے اور میرین ڈرائیو کی مرمت کا کام فوری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں گوادر کے رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمان خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سربندر لنک روڈ پر پل کی تعمیر اور میرین ڈرائیو پر انقرہ کور سے شابی تک سڑک کی بحالی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ اس موقع پر مجوزہ منصوبوں کی پی سی ون دستاویزات، تخمینہ لاگت اور دستیاب مالی وسائل کا جائزہ لیا گیا۔
دستیاب وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشکان لنک روڈ کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔ منصوبے میں مرکزی چوک کی تزئین و مرمت اور نکاسی آب کی لائن کی تعمیر بھی شامل ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میرین ڈرائیو پر انقرہ کور سے شابی تک سڑک کی مرمت اور بحالی کا کام فوری شروع کیا جائے گا تاکہ سڑک کی حالت بہتر بنانے کے ساتھ آمدورفت میں بھی آسانی پیدا کی جا سکے۔
سربندر لنک روڈ پر مجوزہ پل کی تعمیر کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے پر پیش رفت سے قبل پی سی ون کا دوبارہ جائزہ لے کر تخمینہ لاگت کو معقول بنایا جائے گا، جبکہ فنڈز کی دستیابی سے مشروط پل کی تعمیر شروع کی جائے گی۔
اجلاس میں جی ڈی اے کے چیف انجینئر حاجی سید محمد، سپرنٹنڈنگ انجینئر روڈز نادر بلوچ، اسسٹنٹ انجینئر ذاکر نور اور رکن صوبائی اسمبلی کے پرسنل اسسٹنٹ وسیم صمد نے شرکت کی۔
حکام کے مطابق منصوبوں کی تکمیل سے پیشکان، سربندر اور ملحقہ علاقوں میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے اور سفری سہولیات میں بہتری متوقع ہے۔









