کوئٹہ جیکب آباد شاہراہ پر اوورلوڈنگ کے خلاف کارروائی، 14 ویگنوں کے چالان

50

بلوچستان میں مسافروں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے کوئٹہ جیکب آباد قومی شاہراہ پر اوورلوڈنگ، بغیر روٹ پرمٹ گاڑیاں چلانے اور ویگنوں کی چھتوں پر مسافروں کو بٹھانے کے خلاف کارروائی کی گئی، جس کے دوران 14 ویگنوں کے چالان کیے گئے جبکہ 27 گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کو وارننگ جاری کی گئی۔

صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ اور سیکرٹری پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان عبدالمجید جونجو کی خصوصی ہدایات پر ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان اور ٹریفک پولیس کچھی کی مشترکہ ٹیم نے ڈی آئی جی سبی محمد پرویز عمرانی، ڈی پی او کچھی غلام مرتضیٰ بھٹو اور ڈی ایس پی سرکل شیر محمد کی نگرانی میں کارروائی کی۔

خلاف ورزی کرنے والی 14 ویگنوں کے چالان کیے گئے جبکہ 27 ویگنوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کو آئندہ ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔حکام کے مطابق کارروائی کا بنیادی مقصد قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں کی حفاظت، ٹریفک حادثات کی روک تھام اور پبلک ٹرانسپورٹ میں حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔ مقررہ گنجائش سے زیادہ مسافروں کو بٹھانا، غیر قانونی طور پر گاڑیاں چلانا اور ویگنوں کی چھتوں پر سواری کی اجازت دینا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ مسافروں کی زندگیوں کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کرتا ہے۔

حکام نے بتایا کہ گاڑی کی چھت پر سفر کرنے والے مسافروں کے گرنے یا اچانک بریک لگنے کی صورت میں شدید زخمی ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جبکہ اوورلوڈنگ گاڑی کے توازن اور محفوظ سفر کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد حیات کاکڑ نے ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ گاڑیوں میں مقررہ تعداد سے زیادہ مسافروں کو نہ بٹھائیں، چھتوں پر سواری کی اجازت نہ دیں، روٹ پرمٹ اور دیگر قانونی دستاویزات مکمل رکھیں اور گاڑیوں کی فٹنس یقینی بنائیں۔پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کچھی نے واضح کیا کہ قومی شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور مسافروں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں