ناقص خوراک کے خاتمے اور اشیاء خوردونوش کے معیار کی بہتری کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں و اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ، خضدار، کچلاک اور پشین سمیت مختلف علاقوں میں انسپیکشن کے دوران ناقص خوراک، ملاوٹ، زائدالمیعاد اشیاء اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پرمجموعی طور پر 35 مراکز پر جرمانے عائد جبکہ 47 کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
ترجمان بی ایف اے کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کا مقصد اشیائخوردونوش کے معیار کو بہتر بنانا اور عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ترجمان کے مطابق کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاون میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیم نے ریسٹورنٹس اور بیکریوں کا معائنہ کرتے ہوئے 3 ریسٹورنٹس اور ایک بیکری کو جرمانہ کیا۔
کارروائی کے دوران صفائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کی ذاتی صفائی میں غفلت، کھلے کوڑے دان، نکاسی آب کے ناقص انتظامات، مکھیوں کی بھرمار اور زنگ آلود ریفریجریٹرز سمیت متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
مراکز سے زائدالمیعاد بریڈ، مشروبات، کافی، دیسی گھی، جوسز، اسنیکس، بسکٹ، کیکس اور فریش کریم بھی برآمد ہوئی، جبکہ بعض اشیاء پر تیاری اور میعادِ ختم ہونے کی تاریخیں درج نہیں تھیں۔ مصالحوں میں ممنوعہ چائنیز نمک کے استعمال پر بھی کارروائی کی گئی۔علاوہ ازیں دودھ میں ملاوٹ کے تدارک کے لیے بی ایف اے ملک سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ کے علاقے مٹھا چوک، پشتون آباد اور فقیر محمد روڈ پر ملک شاپس کی انسپیکشن کی۔
دودھ اور دہی کے نمونوں کی موقع پر جانچ کے دوران سکمڈ ملک پاوڈر اور پانی کی وافر مقدار ملانے پر 3 دودھ فروشوں کو جرمانہ کیا گیا جبکہ معمولی نقائص پر 2 ملک شاپس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔اسی طرح خضدار میں زونل انسپیکشن ٹیم نے آغا مارکیٹ، عمر فاروق چوک، میر چاکر خان روڈ اور مختلف مضافاتی علاقوں میں فوڈ پوائنٹس کی جانچ پڑتال کی۔
فوڈ بزنس لائسنس کے بغیر کاروبار کرنے پر 2 مراکز کے مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے۔کچلاک بازار، زیارت روڈ اور چمن روڈ پر کارروائیوں کے دوران بارہا تنبیہ و نوٹسز کے باوجود فوڈ بزنس لائسنس کے بغیر اشیائخوردونوش کا کاروبار کرنے والے 20 مراکز کے خلاف کی کارروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کرتے ہوئے مقررہ ضوابط پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی۔
مزید برآں پشین کے علاقے قلعہ بٹیزئی میں خصوصی انسپیکشن کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور زائدالمیعاد اشیاء خوردونوش کی موجودگی پر 5 فوڈ یونٹس پر جرمانے عائد کیے گئے۔دوران معائنہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں نے متعلقہ مراکز کے مالکان کو فوڈ سیفٹی قوانین اور اتھارٹی کے وضع کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ خوراک کے معیار، صفائی ستھرائی اور عوامی صحت سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی









