آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے چیئرمین ایڈووکیٹ عبدالحمید بلوچ کی قیادت میں کمیٹی کے ایک وفد نے گزشتہ روز ڈویژنل ہیڈکوارٹر اسپتال خضدار کا تفصیلی دورہ کیا۔ وفد کا مقصد اسپتال کو درپیش بنیادی مسائل کا جائزہ لینا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا مشاہدہ کرنا تھا۔
وفد میں جنرل سیکرٹری مولانا محمد اسحاق شاہوانی، وائس چیئرمین سفر خان مینگل، انجمن تاجران کے صدر حافظ حمید اللہ مینگل، عبدالقدیر زہری، میر ادریس زہری میر جمعہ خان شکرانی، میر اشرف علی مینگل، حاجی محمد اقبال بلوچ، ممتاز احمد اور جمیل احمد سمیت دیگر ارکان شامل تھے۔ اسپتال پہنچنے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شبیر احمد مینگل نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
استقبال کے بعد ایم ایس شبیر احمد مینگل نے وفد کو اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا۔ وفد نے ایمرجنسی وارڈ، میڈیکل وارڈ، سرجیکل وارڈ، چلڈرن وارڈ، لیبارٹری اور ایکسرے روم کا معائنہ کیا اور وہاں موجود مریضوں سے سہولیات کے بارے میں دریافت بھی کیا۔دورے کے بعد اسپتال کے کانفرنس روم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسپتال انتظامیہ اور شہری ایکشن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس میں جھالاوان میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر بزن بلوچ، ڈاکٹر علی احمد، ڈاکٹر نذیر احمد ساسولی، پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر رشید غلامانی اور دیگر سینئر ڈاکٹرز اور عملہ بھی موجود تھے۔کانفرنس روم میں ایم ایس ڈاکٹر شبیر احمد مینگل نے وفد کو اسپتال کو درپیش تمام بنیادی مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژنل ہیڈکوارٹر اسپتال کو ڈویژن بھر سے مریضوں کا شدید دباؤ کا سامنا ہے، لیکن وسائل اس کے مقابلے میں انتہائی محدود ہیں۔
ایم ایس نے بتایا کہ اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کی شدید کمی ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اسپتال میں ادویات کی قلت ایک مستقل مسئلہ بن چکی ہے خضدار جھالاوان ٹیچنگ ہسپتال کے یکم کے حساب سے خضدار میں ادویات کا کوٹہ بڑھایا جائے۔بریفنگ کے بعد آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے چیئرمین ایڈووکیٹ عبدالحمید بلوچ نے تفصیل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل ہیڈکوارٹر اسپتال خضدار ڈویژن کے لاکھوں عوام کے لیے امید کی آخری کرن ہے، لیکن اسے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت جیسے بنیادی مسئلے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئیے۔چیئرمین نے کہا کہ کمیٹی ایم ایس کی جانب سے پیش کیے گئے تمام جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ان کو حکام بالا کے سامنے اٹھایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ خضدار کے عوام کو کوئٹہ یا کراچی ریفر کرنے کے بجائے یہی پر معیاری علاج کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر جھالاوان میڈیکل کالج کے پرنسپل بزن بلوچ نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کالج اور ڈی ایچ کیو اسپتال کا آپس میں گہرا تعلق ہے، کالج کے طلبہ کی تربیت اور مریضوں کا علاج اسی اسپتال سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے اسپتال کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد اسحاق شاہوانی اور وائس چیئرمین سفر خان مینگل نے کہا کہ ایکشن کمیٹی شہر کے ہر بنیادی مسئلے پر اسی طرح متحرک رہے گی۔
انجمن تاجران کے صدر حافظ حمید اللہ مینگل نے کہا کہ تاجر برادری اسپتال کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔اجلاس کے آخر میں یہ طے پایا کہ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی ان تمام مسائل پر مبنی ایک جامع چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کر کے اعلیٰ حکام کو پیش کرے گی اور مطالبات کی منظوری تک اپنا جمہوری اور پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔ ایم ایس شبیر احمد مینگل نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کمیٹی کی اس کاوش سے اسپتال کے دیرینہ مسائل حل ہوں گی









