اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں سہیل آفریدی کی مبینہ حراست کا معاملہ اٹھاتے ہوئے تحریک التوا اسپیکر کو جمع کروادی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے تحریک التوااسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کروا ئی جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابرسلیم سواتی کی مبینہ حراست پر بحث کرانے کی درخواست کی گئی ہے۔
تحریک التوا میں چھ ارکان قومی اسمبلی امجد علی خان، جنید اکبر، فضل محمد خان، زبیر خان، حاجی امتیاز احمد چوہدری اور نسیم علی شاہ کی حراست پر بھی بھث کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ منتخب نمائندوں کی مبینہ حراست جمہوری اداروں کے امور اور عوامی نمائندگی سے متعلق سنگین خدشات پیدا کرتی ہے، منتخب نمائندوں کے آئینی حقوق اور پارلیمانی استحقاق کے تحفظ کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھایا جائے۔
اپوزیشن نے مبینہ حراستوں کے حالات و واقعات پر ایوان میں فوری بحث کا مطالبہ بھی کیا اور معاملے پر بحث کے لیے قومی اسمبلی کا معمول کا ایجنڈا معطل کرنے کی درخواست کی۔
ملک محمد عامر ڈوگر نے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط 2007 کے رول 109 اور 110 کے تحت تحریک التوا اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کروادی۔









