جمعیت علمائے اسلام کا سیاسی رہنمائوں کو ہراساں کرنے پر احتجاج کا انتباہ

43

جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس اور سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد نے کہا ہے کہ حکمران اقتدار کے نشے میں سیاسی رہنمائوں کو ڈرانے، دھمکانے، گرفتار کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے سے گریز کریں۔جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اقتدار کسی کو عوام کی تذلیل، سیاسی مخالفین کی توہین اور شہریوں کے بنیادی حقوق پامال کرنے کا اختیار نہیں دیتا، اقتدار عارضی ہوتا ہے، لیکن ظلم، جبر اور سیاسی انتقام کی داستانیں تاریخ میں سیاہ باب کے طور پر درج ہوتی ہیں۔

رہنمائوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ عوام کی خدمت، قانون کی پاسداری اور شہریوں کے تحفظ کیلئے ہیں، نہ کہ حکمرانوں کی خوشنودی حاصل کرنے اور سیاسی مخالفین کو خوف زدہ کرنے کیلئے۔

سرکاری مشینری کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا اور سیاسی اختلاف کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش غیر مناسب ہے۔ انہوں نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ قانون کا احترام کریں، اپنی حدود میں رہیں اور سیاسی رہنماں کی عزت و وقار کا خیال رکھیں۔ بصورت دیگر جمعیت علمائے اسلام بھرپور عوامی و جمہوری احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں