پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط لوڑ کاریز غوث آباد، تختانی بائی پاس سوئم کی نو منتخب علاقائی ایگزیکٹوز اور بڑیچ آباد ابتدائی یونٹ کے اجلاس منعقد ہوئے، جن میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں، آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔لوڑ کاریز غوث آباد کے اجلاس کی صدارت علاقائی سیکرٹری حاجی نقیب اللہ مہربان نے کی، جس میں صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، ضلعی معاون سیکرٹری گل شاہین وردگ اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس میں کامیاب علاقائی کانفرنس کے انعقاد پر نو منتخب ایگزیکٹو کو مبارک باد دی گئی اور پارٹی کو مزید فعال و منظم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔تختانی بائی پاس سوئم کے اجلاس کی صدارت علاقائی سینئر معاون سیکرٹری ولی توخی نے کی، جس میں صوبائی آفس سیکرٹری ندا سنگر، ضلعی معاون سیکرٹریز محمد رسول ترین، امین اللہ کاکڑ اور دیگر ارکان شریک ہوئے۔
اجلاس میں تنظیمی امور اور عوامی مسائل کے حل، بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور پشتون قومی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔بڑیچ آباد ابتدائی یونٹ کے اجلاس میں صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، علاقائی معاون سیکرٹری محمد اسد بڑیچ، بشیر خان بڑیچ، یونٹ سیکرٹری گل خان اور سینئر معاون شیر زمان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، کارکنوں کو متحرک کرنے اور عوامی رابطوں کو وسعت دینے پر زور دیا گیا۔
شرکا نے پشتون قومی وحدت، جمہوریت، آئین و قانون کی بالادستی، سماجی انصاف اور تمام قوموں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو ناگزیر قرار دیا۔اجلاس میں بڑیچ آباد میں امن و امان کی بگڑتی صورت حال اور چوری کی وارداتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ پارٹی نے عوامی مسائل کے حل اور پشتون قومی حقوق کے حصول کے لیے اپنی آئینی، سیاسی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔









