سینئر سیاستدان سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند نے ضلع کچھی میں امن و امان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کچھی کے مختلف علاقوں اور شاہراہوں پر جرائم کی شرح بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے مسافروں ،پولیس اہلکار اور افسران بھی محفوظ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے پر مسافروں اور اندرون راستوں پر تسلسل کے ساتھ راہزنی اور لوٹ مار کے واقعات اور ایس پی کچھی مرتضیٰ بھٹو کی گاڑی پر فائرنگ قابل مذمت ہے۔ قومی شاہراہ این 65 پر ملک بھر کی ٹرانسپورٹ اور مسافر سفر کرتے ہیں اور اس سے لاکھوں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے لیکن بد امنی کے باعث آج سفر کے قابل نہیں ہے جس کی بڑی وجہ فارم 47 کے ذریعے مسلط نمائندے امن وامان قائم رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں لوگوں کی جان و مال محفوظ نہیں ہر طرف افرا تفری پھیلی ہوئی ہے۔
انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف موثر کارروائی کرکے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔









