بدامنی ،معاشی بحران کے شکار صوبے میں نمائشی اقدامات بدترین مذاق ،ترقی کا نام نہیں دیا جا سکتا،سینیٹر مولانا عبدالواسع

23

جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبد الواسع اور صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ بدامنی اور معاشی بحران کے شکار صوبے میں نمائشی اقدامات اور تشہیری مہمات عوام کے ساتھ بدترین مذاق ہیں، انہیں ترقی کا نام نہیں دیا جا سکتا۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پورے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال تشویش ناک ہے، عوام عدم تحفظ، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت جیسے مسائل سے دوچار ہیں، جبکہ جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی مختلف شاہراہوں پر سفر کرنا دشوار ہو چکا ہے، جس کے باعث مسافروں، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کا حقیقی معیار بلند و بانگ دعوے اور نمائشی منصوبے نہیں بلکہ عوام کو امن، روزگار، بنیادی سہولیات اور محفوظ ماحول کی فراہمی ہے۔ جب شہریوں کی جان و مال محفوظ نہ ہو اور وہ بلاخوف و خطر سفر نہ کر سکیں تو ترقی کے دعوے بے معنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ زمینی حقائق کا ادراک کرتے ہوئے امن و امان کی بحالی، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی، قومی شاہراہوں کے تحفظ اور معاشی مشکلات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام محض وعدوں اور تشہیری سرگرمیوں کے بجائے عملی اقدامات اور ایسی حکمرانی چاہتے ہیں جس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں۔ جمعیت علماء اسلام عوامی مسائل کے حل، صوبے میں امن و انصاف کے قیام اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا سیاسی اور جمہوری کردار ادا کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں