یمن کے حوثی گروپ نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور خمیس مشیط میں فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم سعودی حکام نے حوثیوں کے تازہ دعووں کی تاحال تصدیق نہیں کی۔
حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع کے مطابق گروپ نے شام کے وقت ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل داغا، جبکہ یمن کی سرحد کے قریب واقع خمیس مشیط ایئر بیس کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان نے دونوں کارروائیوں کو کامیاب قرار دیا۔
دوسری جانب سعودی اتحاد کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب داغے گئے میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے راستے میں ہی تباہ کردیا گیا۔
اتحادی فوج کے مطابق خمیس مشیط کی سمت داغے گئے دو بیلسٹک میزائل فضا میں ہی روک لیے گئے جبکہ ریاض کی جانب آنے والے ایک میزائل کو بھی تباہ کرنے کا اعلان کیا گیا۔









