بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن (بی ایچ سی سی)کی ٹیم نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں پانچ جنرل پریکٹیشنر (جی پی)کلینکس کا معائنہ کیا، جہاں صحت سے متعلق قوانین، ضوابط اور انفیکشن کی روک تھام و کنٹرول کے معیاری طریقہ کار (آئی پی سی ایس او پیز)پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔بی ایچ سی سی کے فوکل پرسن ڈاکٹربسم اللہ کاکڑ کے مطابق معائنے کے دوران قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزیوں اور انفیکشن کی روک تھام کے مقررہ طریقہ کار پر عمل نہ کرنے پر ایک جی پی کلینک کو سیل کرکے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ دوسرے کلینک کی خدمات بند کرنے کے ساتھ جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
اسی طرح تین دیگر کلینکس کو خلاف ورزیوں پر نوٹسز جاری کیے گئے اور انہیں مقررہ ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے تنبیہ کی گئی۔
بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق کارروائی کا مقصد طبی مراکز میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی، مریضوں کی حفاظت اور طبی خدمات سے متعلق قانونی و ضابطہ جاتی تقاضوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔کمیشن نے تمام طبی مراکز اور صحت کی خدمات فراہم کرنے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ متعلقہ قوانین، ضوابط اور انفیکشن کی روک تھام کے معیارات پر عمل کریں تاکہ مریضوں کو محفوظ اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔









