ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا بلوچستان یونیورسٹی میں زیر تعمیر جدید آئی ٹی لیب کا دورہ

28

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے بلوچستان یونیورسٹی میں زیر تعمیر جدید آئی ٹی لیب کا دورہ کر کے منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر ایکسین، متعلقہ انجینئرز، اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی اور کنٹریکٹر سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے آئی ٹی لیب کے مختلف حصوں کا دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی کام کے معیار، پیش رفت اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران آئی ٹی لیب، کانفرنس روم، آئی ٹی روم، ہیڈ منسٹریشن روم، کیبنز اور دیگر زیر تعمیر حصوں کا معائنہ کیا گیا۔ متعلقہ حکام اور کنٹریکٹر کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے پر جاری کام اور تکمیل کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے ہدایت کی کہ منصوبے کے باقی ماندہ کام کو مقررہ معیار کے مطابق جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید آئی ٹی لیب طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کی سہولیات کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگی۔متعلقہ حکام کے مطابق جدید آئی ٹی لیب کا تعمیراتی کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور منصوبے کو جلد مکمل کرکے فعال کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں