وزیر داخلہ نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے معاملات پر صدر مملکت سے رابطہ کیا، وزیراعظم سے ملاقات کی جس کے بعد پشاور پہنچ گئے اور گورنر سے ملاقات کی، ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ جب بھی صدر اور وزیر اعظم گورنر راج یا ایمرجنسی لگانا ضروری سمجھیں تو گورنر ہاؤس بھرپور آئینی کردار ادا کرے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان ملاقات ہوئی، ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد محسن نقوی کے گھر پہنچے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ دوسری ملاقات ہے۔
علاوہ ازیں وزیر داخلہ نے صدر آصف علی زرداری سے بھی رابطہ کیا۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کے حوالے سے حکومتی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔









