کوئٹہ اس وقت امن و امان، انتظامی امور اور شہری و بنیادی سہولیات سمیت متعدد سنگین مسائل سے دوچار ہے، مولانا عبدالرحمن رفیق

33

جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، ڈیجیٹل میڈیا کوارڈینیٹر عبدالباری شہزاد، اختر جان مری، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی اور حاجی عطا محمد شمشوزئی نے کہا ہے کہ 8 اکتوبر کو منعقد ہونے والا ضلعی مجلسِ عمومی کا اجلاس موجودہ حالات کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اس وقت امن و امان، انتظامی امور اور شہری و بنیادی سہولیات سمیت متعدد سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ عوام کو روزمرہ زندگی کی بنیادی ضروریات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ شہر کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ شہر کے بنیادی مسائل پر مزید خاموش نہیں رہے گی اور عوامی مشکلات کے حل کے لیے ہر آئینی جمہوری اور پرامن جدوجہد کرے گی۔

حکومت اور متعلقہ انتظامیہ نے شہری مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات نہ کیے تو جماعتی سطح پر آئندہ کا لائح عمل طے کرتے ہوئے احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام یونٹوں کے امرا و نظما کو تاکید کی کہ 8 اکتوبر کے ضلعی مجلسِ عمومی کے اجلاس کے دعوت نامے متعلقہ اراکینِ مجلسِ عمومی تک بروقت پہنچانے کو یقینی بنائیں تاکہ تمام اراکین اجلاس میں اپنی بروقت شرکت یقینی بناتے ہوئے جماعتی امور، شہر کے مسائل اور آئندہ کے لائح عمل پر ہونے والی مشاورت میں بھرپور حصہ لے سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں