یونیورسٹی آف بلوچستان کے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز ڈی پی آر کی ٹیم نے بیوٹمز یونیورسٹی، کوئٹہ میں منعقدہ فوٹوگرافی مقابلے اور نمائش میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔فوٹوگرافی مقابلے اور نمائش کا انعقاد فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن ایف اے او، اقوام متحدہ کے زیر اہتمام بیوٹمز یونیورسٹی، کوئٹہ میں کیا گیا، جس میں کوئٹہ کی مختلف جامعات کے میڈیا نمائندگان و طلبہ کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور فوٹوگرافرز نے بھی شرکت کی۔
مقابلے کا مقصد تخلیقی فوٹوگرافی، بصری عکاسی اور زراعت، خوراک، ماحولیات اور معاشرتی زندگی سے متعلق مختلف موضوعات کو اجاگر کرنا تھا۔یونیورسٹی آف بلوچستان کی ڈی پی آر ٹیم کی قیادت پی آر او محمد صادق نے کی، جبکہ کیمرہ مین محمد عثمان اور محمد آصف نے ٹیم کا حصہ بن کر مقابلے میں شرکت کی۔
ڈی پی آر ٹیم نے اپنی بہترین تخلیقی صلاحیتوں، پیشہ ورانہ انداز اور معیاری فوٹوگرافی کے ذریعے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
تقریب کے دوران بیوٹمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے یونیورسٹی آف بلوچستان کی فاتح ٹیم کو پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر نقد انعام اور ایوارڈ پیش کیا،فوٹوگرافی نمائش کا افتتاح بیوٹمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے کیا۔ انہوں نے مختلف جامعات اور پیشہ ور فوٹوگرافرز کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نوجوانوں اور میڈیا سے وابستہ افراد کو اپنی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔
یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے ڈی پی آر ٹیم کو فوٹوگرافی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ٹیم لیڈر پی آر او محمد صادق، کیمرہ مین محمد عثمان اور محمد آصف کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو بھی سراہا









