ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے دانہ سر بائی پاس میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی اور خواتین و بچوں سمیت 103 غیر قانونی افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا ۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ضلع شیرانی کے علاقے دانہ سر میں حراست میں لیے گئے افغان باشندوں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ گرفتار افغان باشندے انسانی سمگلروں کے ذریعے براستہ پاکستان، ایران اور یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران حراست میں لیے جانے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی تعداد 129 ہوچکی ہے۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے سرحدی علاقوں میں انسانی سمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز غیر قانونی نقل و حرکت روکنے اور سرحدی علاقوں میں قانون کی عملداری یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ پاک بحریہ اور کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے علاقے پیشوکان میں مشترکہ آپریشن کرکے سمگل شدہ شراب اور غیر قانونی ادویات برآمد کر لیں۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی خفیہ اطلاعات پر میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر کی معاونت سے کی گئی، برآمد ممنوعہ سامان پاکستان کوسٹ گارڈز کے حوالے کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ کارروائی پاکستان نیوی اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے اس عزم کی عکاس ہے کہ پاکستانی سمندری حدود اور علاقے کو غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ کچھ عرصہ قبل کوسٹ گارڈز نے انٹیلی جنس ذرائع کی مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر بیلہ اوتھل اور گڈانی کے علاقوں سے 5 گاڑیوں میں لدی ہوئی3,361 بوتلیں اعلیٰ کوالٹی کی غیر ملکی شراب برآمد کی تھی جو اندرون ملک سمگل کی جا رہی تھی۔کوسٹ گارڈ حکام نے بتایا تھا کہ برآمد ہونے والی شراب اور ضبط کی گئی گاڑیوں کی عالمی مارکیٹ میں مجموعی مالیت تقریباً ایک لاکھ آٹھ سو امریکی ڈالر کے قریب ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے پشکان میں سمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنانے پر پاکستان نیوی اور پاکستان کوسٹ گارڈز کو سراہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے سمگلنگ کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے اداروں کے مابین باہمی رابطہ اور تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
بلوچستان: ایران اور یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 103 افغان گرفتار
28









