کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے مری آباد کا دورہ کر کے پولیو ٹیموں کی کارکردگی، فیلڈ سرگرمیوں اور مانیٹرنگ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے مختلف پولیو ٹیموں سے ملاقات کی اور مہم کے دوران جاری فیلڈ سرگرمیوں، بچوں کی کوریج اور ٹیموں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ لی۔
انہوں نے پولیو ٹیموں کی جانب سے مرتب کی جانے والی ایکسل شیٹس کا بھی جائزہ لیا ۔کمشنر نے پولیو سے انکار کرنے والے والدین اور خاندانوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں پولیو کے قطروں کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے پر قائل کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انکاری خاندانوں کو بھی موثر انداز میں کور کیا جائے اور کسی بھی بچے کو پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہنے دیا جائے۔
اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے پولیو ٹیموں کو سو فیصد کوریج یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے تمام ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ذیشان لاشاری نے متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت کی کہ انسدادِ پولیو کے لیے موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں اور مہم کے دوران انکاری والدین کو قائل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں تاکہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مقررہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سٹی کوئٹہ امیر حمزہ اور ڈپٹی ڈی ایچ او سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی ہمراہ تھے۔









