ہرنائی کے علاقے اسپین تنگی یونین کونسل بابیان ٹو میں طوفانی بارش، سیلابی ریلے میں بہہ کر 2 معصوم بچے جاں بحق ہرنائی اسپین تنگی یونین کونسل بابیان ٹو کے علاقے طورغوڑہ ڈڈرہ میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب طوفانی بارش ہوئی، جس کے باعث ندی نالوں میں اونچے درجے کے سیلابی ریلے آئے۔
سیلابی ریلہ ندی کے قریب مری قبیلے سے تعلق رکھنے والے ایک گھر میں داخل ہو گیا اور دو چھوٹے معصوم بچوں کو بہا کر لے گیا۔
جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ اور ایک بچی شامل ہیں، جن کی لاشیں اسپین تنگی بابیان کلی سہنی کے علاقے میں ندی کے کنارے سے برآمد ہوئی ہیں۔شدید بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث یونین کونسل بابیان ٹو میں بڑے پیمانے پر زرعی زمینوں، گھروں اور حفاظتی بندات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے معصوم بچوں کو تدفین بابہان کے مقامی قبرستان میں کردی گء،صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ اور ڈسٹرکٹ فوکل پرسن حاجی باز محمد خان دمڑ نے طورغوڑہ ڈڈرہ میں طوفانی بارش اور تباہ کن سیلاب کے باعث مری قبیلے کے دو معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ متاثرین کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقے کا فوری دورہ کر کے نقصانات کا جائزہ لیں، متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں اور جانی و مالی نقصانات کا سروے کر کے رپورٹ ارسال کریں۔دریں اثنا، یونین کونسل بابیان ٹو کے چیئرمین شاداد خان نے کہا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد آنے والے تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔
کئی گھر سیلابی ریلوں میں بہہ گئے ہیں جبکہ زرعی زمینوں اور کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
چیئرمین شاداد خان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ، ڈی جی پی ڈی ایم اے، کمشنر لورالائی ڈویڑن اور ڈپٹی کمشنر ہرنائی سے مطالبہ کیا ہے کہ بابیان ٹو میں بارش اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا فوری ازالہ کیا جائے اور متاثرین کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔









