صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے سیاحت اور ثقافت کو منظم انداز میں فروغ دیا جائیگا، گورنر بلوچستان

28

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت و ثقافت نوابزادہ زریں مگسی نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کی جسمیں بلوچستان میں ثقافت، سیاحت، مادری زبانوں، ادب و فن کے فروغ سمیت صوبے کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان اپنے قدیم تہذیبی ورثے، تاریخی مقامات، طویل ساحلی پٹی اور نایاب پرندوں و جانوروں کے باعث دنیابھر کے سیاحوں کیلئے ایک پرکشش مقام رکھتا ہے۔

صوبے میں سیاحت اور ثقافت کو منظم انداز میں فروغ دیکر نہ صرف سرمایہ کاری کو راغب کیا جاسکتا ہے بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پر زور دیا کہ ثقافت اور سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی مادری زبانوں، شعراء ، ادباء ، دانشوروں اور فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے باقاعدگی سے سیمینارز اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے۔

ہم نے اپنے تمام سیاسی کیریئر میں پارلیمانی سیاست کے ساتھ ساتھ کلچر، ادب اور میڈیا سے وابستہ افراد کے ساتھ روزِ اول سے خوشگوار تعلقات قائم رکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ان شعبوں سے وابستہ افراد کے خوشی اور مشکل دونوں وقتوں میں ان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ہر ممکن ان کی معاونت بھی کرتے رہے ہیں۔ گورنر بلوچستان نے گزشتہ سال اسلام آباد میں بلوچستان گرینڈ ٹورازم فیسٹیول کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تعمیری کاوش تھی۔

ایسے گرینڈ فیسٹیولز کا انعقاد وقفے وقفے سے جاری رہنا چاہیے تاہم ان پروگراموں کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مقامی ٹی وی آرٹسٹوں، گلوکاروں، شعراء اور ادبا کو بھرپور انداز میں شامل کیا جائے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ اس قیمتی ورثے کو محفوظ رکھنے کے ساتھ اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے نوجوان نسل اور عالمی برادری کے سامنے مؤثر انداز میں سامنے لاہا جائے۔

گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل سے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں صحت عامہ کی مجموعی صورتحال، صحت کے مراکز کی کارکردگی، ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری اور صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات خصوصاً ڈیجیٹلائزڈ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ کسی بھی وزارت میں نئی اصلاحات متعارف کرانا متعلقہ وزیر اور ان کی پوری ٹیم کی بصیرت، موجودہ حالات کا ادراک اور مستقبل قریب کی ضروریات سے آگاہی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ڈیجیٹلائزڈ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم کا نفاذ پورے نظام صحت کو مضبوط، مستحکم اور جدید بنیادیں فراہم کرنے کے مترادف ہے۔

گورنر نے کہا کہ نیو ٹراما سینٹر کے قیام اور ضلعی سطح پر ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت، لیبر رومز اور دیگر طبی سہولیات کی فعالیت کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مانیٹر کرنا ایک اہم پیش رفت ہے۔ گورنر نے کہا کہ صوبہ کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے صرف صوبائی وسائل پر انحصار کافی نہیں بلکہ اقوام متحدہ کے اداروں سمیت دیگر انٹرنیشنل اداروں کی معاونت، تکنیکی رہنمائی اور استعدادِ کار بڑھانے کے پروگراموں سے بھی استفادہ کرنا ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں