سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویژن نعمت اللہ ترین نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے امیدواروں کا عملی ڈرائیونگ ٹیسٹ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے امیدواروں کی ڈرائیونگ صلاحیتوں، ٹریفک قوانین سے آگاہی اور مختلف ڈرائیونگ سکلز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈرائیونگ ٹیسٹ کے دوران امیدواروں سے گاڑی چلانے، موڑ کاٹنے، ریورس کرنے، پارکنگ، گاڑی پر کنٹرول، اشاروں کے درست استعمال، ٹریفک قوانین کی پابندی اور سڑک پر محفوظ ڈرائیونگ سمیت مختلف عملی مہارتوں کا امتحان لیا گیا۔
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ہر امیدوار کی ڈرائیونگ صلاحیت کو مقررہ معیار کے مطابق جانچا۔اس موقع پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نعمت اللہ ترین نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء صرف ان افراد کو کیا جانا چاہیے جو ڈرائیونگ کی مکمل مہارت رکھتے ہوں اور ٹریفک قوانین و ضوابط سے بخوبی واقف ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس محض ایک دستاویز نہیں بلکہ ایک اہم ذمہ داری ہے، اس لیے ڈرائیونگ ٹیسٹ کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں پر حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کے امیدواروں کی صلاحیتوں کو عملی طور پر جانچا جائے۔ غیر ذمہ دارانہ اور غیر محتاط ڈرائیونگ نہ صرف خود ڈرائیور بلکہ دیگر شہریوں کی زندگیوں کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔









