مہرگڑھ قومی، تاریخی اور قبائلی مرکز ہے، حملہ انتہائی تشویشناک اور قابلِ مذمت ہے، نواب رئیسانی

30

سرسرداران سراوان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہا ہے کہ مہرگڑھ ہمارا تاریخی ورثہ، قبائلی یکجہتی اور امن کا مرکز ہے، ریاست کی جانب سے بارہا اس مرکز کو نشانہ بنانا، اور حالیہ حملہ انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔

سماجی رابطہ کی ویب سائٹ (X) پرٹویٹ کرتے ہوئے نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے مزید کہا ہے کہ یہ واقعہ اس خدشے کو تقویت دیتا ہے کہ بلوچستان میں طاقت کے استعمال میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے اور پرامن سیاسی و جمہوری جدوجہد کے راستے کو محدود کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ مہرگڑھ کسی ایک فرد کا گھر نہیں بلکہ ایک قومی، تاریخی اور قبائلی مرکز ہے، ایسے واقعات لوگوں میں محرومی اور نفرت کو مزید بڑھاتے ہیں، ریاست کے ذمہ داران کو سمجھنا چاہیے کہ قومی ورثے اور لوگوں کے گھروں کی بے حرمتی کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کرتی۔

انہوںنے کہا کہ ہم اپنے قومی و قبائلی حقوق کے تحفظ کے لیے پرامن اور سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے، بلوچستان ایک تاریخی سرزمین ہے یہاں طاقت کے ایسے واقعات حالات کو مزید پیچیدہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ بلوچستان میں کشیدگی کے بجائے امن، سیاسی مکالمے اور حالات کی بہتری کا راستہ اختیار کیا جائے، ریاست بھی طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات اور سیاسی حل کو ترجیح دے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں