شاہراہوں پر حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں، ڈی آئی جی موٹر وے

24

ڈپٹی انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس ویسٹ زون کوئٹہ ڈاکٹر قریش خان نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس شاہراہوں پر شہریوں کے محفوظ سفر، ٹریفک قوانین کی پابندی اور حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے،

جبکہ مسافروں کو بروقت امداد اور رہنمائی کی فراہمی بھی ادارے کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کی سہولت بلوچستان کے شہریوں کے لیے ایک اہم موقع ہے۔ ملک کے محدود شہروں میں موٹروے پولیس کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی سہولت حاصل ہے،

اس لیے کوئٹہ اور بلوچستان کے شہری اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس صرف ایک دستاویز نہیں بلکہ ڈرائیور کی اہلیت اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کا اعتراف ہے۔

ہر شخص کے لیے ضروری ہے کہ وہ گاڑی چلانے سے قبل قانونی تقاضے پورے کرے اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ سے اجتناب کرے ڈاکٹر قریش خان نے کہا کہ قومی شاہراہیں اور موٹرویز ملک کے مختلف علاقوں کو باہم ملانے والے اہم ذرائع ہیں، جہاں روزانہ لاکھوں مسافر، ٹرانسپورٹرز اور مال بردار گاڑیاں سفر کرتی ہیں۔ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے قوانین کی پابندی کے ساتھ ڈرائیوروں میں روڈ سیفٹی سے متعلق شعور اجاگر کرنا بھی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات کے بڑے اسباب میں تیز رفتاری، خطرناک انداز میں اوورٹیکنگ، ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال، لین کی خلاف ورزی، غفلت و لاپرواہی، مسلسل ڈرائیونگ کے باعث تھکن اور نیند کا غلبہ شامل ہیں۔

ان عوامل کی روک تھام کے لیے موٹروے پولیس کی جانب سے شاہراہوں پر مسلسل گشت اور ٹریفک قوانین کی نگرانی کی جاتی ہے جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ڈی آئی جی نے واضح کیا کہ موٹروے پولیس کا کردار صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی تک محدود نہیں۔ شاہراہوں پر سفر کرنے والے شہریوں کی معاونت اور مشکل وقت میں ان کی مدد بھی ادارے کی اہم ذمہ داری ہے۔

گاڑی خراب ہونے، حادثے، طبی ہنگامی صورتحال یا کسی بھی دوسری پریشانی کی صورت میں موٹروے پولیس کے افسران اور اہلکار فوری طور پر مسافروں کی مدد کرتے ہیں اور ضرورت کے مطابق متعلقہ اداروں کو بھی متحرک کیا جاتا ہے۔ انہوں نے ڈرائیوروں پر زور دیا کہ دورانِ سفر مقررہ رفتار کی پابندی کریں، سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنائیں، غیر ضروری اور خطرناک اوورٹیکنگ سے گریز کریں اور گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون استعمال نہ کریں۔

طویل فاصلے کا سفر کرنے والے ڈرائیور مناسب وقفہ لے کر اپنی تھکن دور کریں تاکہ غنودگی اور نیند کے باعث پیش آنے والے حادثات سے محفوظ رہا جا سکے۔ ڈاکٹر قریش خان نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر شہریوں کی جان و مال کا تحفظ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کی بنیادی ترجیح ہے۔

اس مقصد کے لیے شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی، سڑکوں کی صورتحال اور موسمی حالات پر مسلسل نظر رکھی جاتی ہے تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں بروقت ردعمل دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے تقاضوں کے پیش نظر موٹروے پولیس نگرانی اور ٹریفک مینجمنٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید ذرائع سے استفادہ کر رہی ہے۔ مسافروں کو سہولت فراہم کرنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور حادثات کی شرح میں کمی لانے کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ شاہراہوں پر سفر کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کو محض قانونی تقاضا نہیں بلکہ اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کے تحفظ کا ذریعہ سمجھیں۔ موٹروے پولیس کے افسران و اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں اور ذمہ دارانہ طرزِ ڈرائیونگ اختیار کریں۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل ڈاکٹر قریش خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس عوامی خدمت، محفوظ سفر کے فروغ، حادثات کی روک تھام اور مسافروں کو بروقت معاونت کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ محفوظ شاہراہوں کا مقصد صرف ادارہ جاتی اقدامات سے حاصل نہیں ہو سکتا بلکہ ڈرائیوروں، مسافروں اور عوام کا ذمہ دارانہ رویہ بھی اس عمل میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں