پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق گردش کرنے والی طلاق اور علیحدگی کی افواہوں پر بالآخر بالواسطہ ردعمل دے دیا، جس کے بعد ان کے مداحوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
عائزہ خان کا شمار پاکستان کی مقبول ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کم عمری میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور وقت کے ساتھ ڈراما انڈسٹری میں اپنی نمایاں جگہ بنائی۔ اداکارہ اب اداکار فواد خان کے ساتھ ندیم بیگ کی فلم کے ذریعے سنیما کی دنیا میں بھی قدم رکھنے جارہی ہیں۔
حال ہی میں عائزہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنے انداز میں نمایاں تبدیلیاں کیں اور بغیر آستین کے لباس میں تصاویر شیئر کرنا شروع کیں، جس پر ان کے روایتی اور سادہ لباس پسند کرنے والے مداح حیران رہ گئے۔ تاہم ان کی نجی زندگی سے متعلق قیاس آرائیوں کو اس وقت مزید ہوا ملی جب وہ اپنے شوہر دانش تیمور کے ڈرامے ’ہمراہی‘ کے فائنل کی سنیما پریمیئر تقریب میں شریک نہ ہوئیں۔
اس کے علاوہ عائزہ خان کی جانب سے انسٹاگرام پر دانش تیمور کے ساتھ بعض تصاویر ہٹانے یا ان میں ترمیم کرنے کی بات بھی سامنے آئی، جسے سوشل میڈیا صارفین نے ان کے بدلتے ہوئے انداز کے ساتھ جوڑتے ہوئے دونوں کی مبینہ علیحدگی کے بارے میں سوالات اٹھانا شروع کردیے۔
عائزہ خان اور دانش تیمور کو شوبز کی مقبول جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے اور دونوں کو مداحوں کی جانب سے ہمیشہ بھرپور محبت ملتی رہی ہے۔ ایسے میں طلاق کی افواہوں نے ان کے مداحوں میں خاصی تشویش پیدا کردی تھی۔
تاہم اب عائزہ خان نے ایک فین پیج کی جانب سے کیے گئے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے ان افواہوں کو مسترد کردیا ہے۔ اداکارہ نے بالواسطہ طور پر واضح کیا کہ ان کی طلاق یا علیحدگی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد اور جعلی ہیں۔









