امریکی ریاست فلوریڈا میں جان لیوا بیکٹیریا وائبرو وُلنیفیکس کے باعث ایک اور شخص ہلاک ہوگیا، جس کے بعد رواں سال ریاست میں اس خطرناک انفیکشن سے ہونے والی اموات کی تعداد دو ہوگئی ہے جبکہ اب تک 14 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
وائبرو وُلنیفیکس ایک ایسا بیکٹیریا ہے جو عموماً گرم سمندری یا کھارے پانی میں پایا جاتا ہے۔ انسان اس کا شکار اس وقت ہوسکتا ہے جب کھلا زخم آلودہ پانی کے رابطے میں آئے جبکہ کچی یا نیم پکی سمندری خوراک، خصوصاً اوئسٹر کھانے سے بھی انفیکشن لاحق ہوسکتا ہے۔
یہ انفیکشن بعض مریضوں میں انتہائی تیزی سے سنگین شکل اختیار کرسکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں جلد پر چھالے، زخم اور ٹشوز کے تیزی سے تباہ ہونے کے ساتھ خون میں شدید انفیکشن اور سیپٹک شاک پیدا ہوسکتا ہے۔ سنگین کیسز میں متاثرہ عضو کاٹنے تک کی نوبت آ سکتی ہے۔
فلوریڈا محکمہ صحت کے مطابق بعض مریض انفیکشن کے بعد صرف ایک یا دو دن میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔









