بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ، حب اور قلعہ سیف اللہ میں ناقص صفائی، غیر معیاری خوراک کی تیاری و اسٹوریج اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد فوڈ بزنس آپریٹرز کو جرمانے عائد کیے جبکہ کئی مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کر دیے گئے۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے نواں کلی اور ایئرپورٹ روڈ پر 20 مختلف خوراک کے مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا۔
کارروائی کے دوران 2 مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 5 فوڈ بزنس آپریٹرز کو اصلاحی نوٹسز جاری کرتے ہوئے 10 روز کے اندر فوڈ سیفٹی کے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (SOPs) پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔
معائنے کے دوران ایک ڈپارٹمنٹل اسٹور میں کولڈ اسٹوریج کے درجہ حرارت کی مثر نگرانی کا نظام اور تھرمامیٹرز موجود نہ ہونے، بیکری مصنوعات پر تیاری اور معیادِ استعمال کی تاریخ درج نہ کرنے، اشیائے خورونوش کی ناقص اسٹوریج، ایکسپائرڈ مصالحہ جات کی موجودگی اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا لائسنس نہ ہونے پر کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی شکایت پر ڈائریکٹر آپریشنز کی ہدایت پر ایک غیر قانونی کلفی تیار کرنے والے یونٹ کا بھی معائنہ کیا گیا۔ ٹیم نے یونٹ میں انتہائی غیر حفظانِ صحت ماحول، کارکنوں کی جانب سے حفاظتی لباس (PPE) کا عدم استعمال، مصنوعات کی ناقص اسٹوریج، نامناسب پروڈکشن لے آٹ اور نان فوڈ گریڈ (NFG) میٹریل کے استعمال سمیت متعدد سنگین نقائص کی نشاندہی کی، جس پر یونٹ کو جرمانہ کیا گیا۔
متعلقہ فوڈ بزنس آپریٹر نے مصنوعات کی رجسٹریشن کے لیے درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے مختلف آر او پلانٹس کا بھی معائنہ کیا اور مصنوعات کی رجسٹریشن کے عمل کے تحت دو نمونے حاصل کیے۔ دیگر معائنہ کیے گئے فوڈ مراکز مجموعی طور پر اطمینان بخش پائے گئے جبکہ فوڈ بزنس آپریٹرز کو محفوظ خوراک کی فراہمی اور فوڈ سیفٹی قوانین و ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق رہنمائی فراہم کی گئی۔
حب میں بھی بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیم نے ناقص صفائی اور غیر معیاری انتظامات پر ایک آئسکریم اینڈ برگر شاپ کے مالک کو جرمانہ کیا۔ حکام کے مطابق کارروائی کے دوران صفائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کی ذاتی صفائی کا ناقص انتظام، کھلے کوڑے دان، پراسیسنگ ایریا میں گندگی اور مکھیوں کی بھرمار سامنے آئی۔قلعہ سیف اللہ میں بی ایف اے کی زونل انسپیکشن ٹیم نے مرکزی بازار اور ملحقہ ہائی وے پر قائم خوراک کے مراکز کا معائنہ کیا۔
کارروائی کے دوران 3 ہوٹلز اور 3 بیکنگ یونٹس سمیت متعدد مراکز کے مالکان کو مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے کیے گئے جبکہ 6 مراکز کو معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔جرمانہ کیے گئے مراکز میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، ورکرز کی ذاتی صفائی کا خیال نہ رکھنے، کھلے کوڑے دان، پراسیسنگ ایریا میں گندگی، نکاسی آب کے نامناسب انتظامات، مکھیوں کی بھرمار، اشیائے خورونوش کو مناسب طریقے سے ڈھانپنے کے انتظامات نہ ہونے اور ٹوٹے ہوئے برتنوں کے استعمال سمیت مختلف خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو ہدایت کی کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے صفائی کے اصولوں، فوڈ سیفٹی قوانین اور مقررہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔









