ریلوے میں سینیارٹی نظر انداز، جونیئر افسران کی اہم عہدوں پر تعیناتی کا سلسلہ جاری

15

پاکستان ریلوے میں مبینہ طور پر میرٹ اور سینیارٹی لسٹ کے برعکس افسران کی اہم عہدوں پر تعیناتی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں متعدد سینئر افسران کو نظرانداز کرکے جونیئر افسران کو پرکشش عہدوں پر تعینات کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق گریڈ 19کے جونیئر ریلوے افسر محمد ثقلین کو اون پے سکیل پر گریڈ 20کی نشست پر تعینات کردیا گیا ہے۔

محمد ثقلین اپنے شعبے کی سینیارٹی لسٹ میں 11ویں نمبر پر ہیں، تاہم گریڈ 20اور گریڈ 19کے بعض سینئر افسران کو نظرانداز کرتے ہوئے انہیں ڈی ایس ریلوے مغلپورہ ورکشاپ تعینات کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق محمد ثقلین نے تاحال ایس ایم سی کورس بھی نہیں کیا، جبکہ جونیئر افسر کی گریڈ 20کی نشست پر تعیناتی سے ریلوے کے سینئر افسران میں تشویش پائی جاتی ہے۔

اس سے قبل گریڈ 19کے جونیئر ریلوے افسر جمشید عالم کو ڈی ایس ریلوے کراچی تعینات کیا گیا، جو اپنے شعبے کی سینیارٹی لسٹ میں بعض افسران سے جونیئر ہیں۔اسی طرح گریڈ 19کے افسر محمودالرحمان لاکھو کو ڈی ایس ریلوے کوئٹہ تعینات کیا گیا ہے، جو ذرائع کے مطابق اپنے شعبے میں بعض افسران سے جونیئر ہیں۔ذرائع کے مطابق کئی سینئر ریلوے افسران کو نظرانداز کرکے گریڈ 19کے افسران کو اون پے اسکیل پر اگلے گریڈ کی نشستوں پر تعینات کرکے امور چلائے جا رہے ہیں، جس کے باعث سینئر افسران میں بددلی پیدا ہونے لگی ہے۔دوسری جانب ریلوے حکام نے کہا کہ افسران کی تعیناتی کارکردگی کی بنیاد پر کی جاتی ہے، جو افسر بہتر کارکردگی دکھائے گا اسے اہم ذمہ داری سونپی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں