صوبائی وزیر داخلہ میر ضیااللہ لانگونے کہا ہے کہ حکومت امن وامان کی صورتحال کو بہتر بناتے ہوئے قومی شاہراہوں کو سفر کے لئے محفوظ بنانے کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے اس کے لئے اگر جہاں کرفیو اور آپریشن کی ضرورت ہوئی تو کریں گے۔
حکومت نے تاجروں اور دیگر کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کے لئے فیک نیوز چلائی جاتی ہے۔
ایسا کرنے والوں کو اپنا محاسبہ کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میجر (ر) بشیر احمد بڑیچ کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی اور انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے صدر رحیم کے ہمراہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
اس موقع پر دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ تاجروں کے مطالبات جائز ہیں ان مسائل کو حل کرنے کے لئے حکومت سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھارہی ہے انہوں نے کہا کہ شہدا زیارت کمیٹی میں آل پارٹیز کے رہنما شریک تھے بلوچستان کے عوام کو گمراہ نہ کیا جائے سوشل میڈیا پر فیک نیوز چلائی جاتی ہیں ایسا کرنے سے عوام میں غلط تاثر پایا جاتا ہے فیک نیوز چلانے سے گریز کیا جائے۔
بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کے ذمہ دار ملک دشمن عناصر ہیں سب کا مطالبہ ہے کہ قومی شاہراہوں کو سفر کیلئے محفوظ بنایا جائے جہاں کرفیو اور آپریشن کی ضرورت ہوئی کریں گے بدامنی پھیلانے کے لئے دہشتگرد آسان ہدف تلاش کرتے ہیں اور اس پر وہ کوئی موقع نہیں چھوڑتے ملزم کرائم کے بعد اپنے گھر میں نہیں بیٹھتااسما جتک کے والد کے قتل میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس اور فورسز چھاپے مار رہے ہیںتا حال گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
تاجر معاشرے کاایک اہم طبقہ ہے مسائل کو حل کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں املاک کونقصان نہ پہنچایا جائے اور نہ ہی عوام کے لئے مشکلات پیدا کی جائے۔ تاجر احتجاج ریکارڈ کروانے کے بعد ہمارے ساتھ بیٹھے تاجروں کے تحفظات دور کئے جائیں گے حکومت کی جانب سے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے کمیٹی میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور ایڈ منسٹریٹر کوئٹہ کمیٹی میں ہونگے۔
اس موقع پر انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے صدر رحیم آغا نے کہا ہے کہ آج ہم ایک نتیجے پر پہنچ چکے ہیں 986 دکانداروں اور حلیم پلازہ کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے ہمیں امید ہے کہ تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر قانون کے مطابق حل ہونگے حکومت کی یقین دہانی کے بعد آج اور ہفتہ کو دو روزہ دی گئی شٹر ڈائون ہڑتال کی کال کے احتجاج کو موخر کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔









