جمعیت علمائے اسلام (ف) نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہائبرڈ نظام کی ناکامی کا اعتراف خود اس کے خالق کر رہے ہیں، جبکہ مولانا فضل الرحمن گزشتہ دو سال سے اس نظام کی ناکامی کی نشاندہی کرتے آ رہے ہیں۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ نظام کی خرابی اور کمزوری سے ہر شخص واقف ہے، تاہم اب یہ طے ہونا چاہیے کہ اس نظام کے خالق کون ہیں اور اس کی ناکامی کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ نظام کے بنانے اور اس کا حصہ بننے والے عناصر ملک کو موجودہ صورتحال تک پہنچانے کے ذمہ دار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نظام ملکی اداروں اور جمہوری عمل کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا ہے۔
اسلم غوری نے دعویٰ کیا کہ نظام عدل پر اثراندازی، آئینی معاملات، انتخابات اور دیگر امور سے متعلق فیصلے اسی نظام کے نتائج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین سے ہٹ کر کیے گئے اقدامات ملک اور نظام کو کمزور کرتے ہیں۔
جے یو آئی ترجمان نے مزید کہا کہ پارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور قیادت کو آئین کے تحفظ کے مؤقف پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔









