گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کیے جائیں گے،صادق عمرانی

27

بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن، پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی سے ان کے دفتر میں آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ کمپنی کے وفد نے چیئرمین میر نواب خان مینگل کی سربراہی میں ملاقات کی۔

وفد میں بلوچستان پرچون گڈز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد فاروق اور دیگر رہنما بھی شامل تھے۔وفد نے صوبائی وزیر کو صوبے بھر میں کشیدہ حالات کے باعث ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔ وفد کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹ کمپنی کی گاڑیاں پورے ملک میں سامان کی ترسیل کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران بلوچستان میں ان کی 187 گاڑیاں سامان سمیت چھین لی گئیں جبکہ پچھلے ہفتے مزید 13 گاڑیاں چھینے جانے کے واقعات رونما ہوئے۔ وفد نے خبردار کیا کہ اگر گاڑیوں کو چھیننے اور نقصان پہنچانے کا سلسلہ جاری رہا تو وہ مجبوراً پورے ملک میں ہڑتال کی کال دیں گے۔ اس موقع پر میر محمد صادق عمرانی نے وفد سے کہا کہ وہ ہڑتال سمیت ایسی سرگرمیوں سے گریز کریں جن سے عوام الناس براہِ راست تکلیف میں مبتلا ہوں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت خود کو عوام کی جان و مال کا محافظ سمجھتی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی کابینہ صوبے کی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور قیامِ امن کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے، جس کے ثمرات جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔وفد نے صوبائی وزیر سے استدعا کی کہ وہ وزیر اعلیٰ سے ان کی ملاقات کروائیں تاکہ وہ اپنے مسائل براہِ راست وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھ سکیں۔ صوبائی وزیر نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ وزیر اعلیٰ سے ملاقات سمیت ان کے تمام جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں