کوئٹہ کراچی شاہراہ کا دو رویہ منصوبہ بلوچستان کیلئے میگا پراجیکٹ ہے، این ایچ اے

36

این-25 ڈوئلائزیشن میگا منصوبے سے متعلق پراجیکٹ فیسیلیٹیشن کمیٹی کا اہم اجلاس سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

جس میں منصوبے پر جاری پیش رفت درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں ممبر نیشنل ہائی وے اتھارٹی بلوچستان بشارت حسین فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے کرنل شاہد عباسی جی ایم کراچی-خضدار سیکشن کاشف شیخ پراجیکٹ ڈائریکٹر این-25 کچلاک تا چمن ریاض احمد ڈائریکٹر لیگل این ایچ اے عبدالمنان اور چیف انجینئر فیڈرل پروجیکٹس ڈاکٹر سجاد بلوچ بذریعہ زوم شریک ہوئے اس کے علاوہ متعلقہ محکموں کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی اجلاس کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران این-25 پر واقع شہروں اور قصبوں میں بائی پاسز کی تعمیر منصوبے سے متعلق مختلف ادارہ جاتی اور سیکیورٹی سطح کے امورکرش پلانٹس کی منتقلی اور شاہراہ کے اطراف شجرکاری مہم سمیت دیگر اہم نکات پر تفصیلی غور کیا گیا ۔

متعلقہ حکام نے مختلف معاملات پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے درپیش رکاوٹوں اور ان کے ممکنہ حل کے بارے میں بھی بریفنگ دی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے کہا کہ این-25 ڈوئلائزیشن صوبے کے لیے انتہائی اہم نوعیت کا میگا منصوبہ ہے جس کی تکمیل بلوچستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف سفری سہولیات کو بہتر بنائے گا بلکہ تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ سفری دورانیے میں کمی اور شاہراہ پر ٹریفک کے محفوظ اور مؤثر نظام کو یقینی بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کریں تاکہ منصوبہ مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر مختلف امور پر متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ این-25 ڈوئلائزیشن منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کر کے عوام کو جدید محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں