خیبر میں طوفانی بارشیں، سیلابی ریلے میں بہہ کر 6 افراد جاں بحق

23

خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہلاکتوں کی تعداد6 ہوگئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں 4، جمرود میں 2 افراد سیلاب میں بہہ کر جاں بحق ہوئے۔

افغان خاندان کو طورخم لے جانے والی گاڑی ریلے میں بہہ گئی۔ گاڑی میں بچوں اور خواتین سمیت 16 افراد سوار تھے، بہنے والے 13 افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔ جاں بحق 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پاک افغان شاہراہ پر پھنسی 100 سے زائد گاڑیاں محفوظ مقام منتقل کی گئی ہیں،طوفانی بارشوں اور سیلاب کے بعد ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ادھر اپردیر میں موسلادھار بارشں سے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہے ، دریائے پنچکوڑہ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔

اس کے علاوہ وادی کاغان میں شدید بارش کے بعد مڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ کاغان اور پانی کے کٹاؤ کے باعث جھیل سیف الملوک روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

گلگت بلتستان کے ضلع استور میں بھی طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحا ل ہے، کئی دیہاتوں میں گھروں،فصلوں اور رابطہ سڑکوں کو نقصان پہنچا۔

دوسری جانب لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ہوئی ، بارش سے حبس اور گرمی کی شدت قدرے کم ہوگئی تاہم نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں