انویسٹی گیشن ٹیم کوئٹہ کی کامیاب کارروائی،8قتل کے مقدمات میں مطلوب دو ملزمان گرفتار

20

ایس ایس پی سیریس کرائم انویسٹی گیشن کیپٹن (ر) دوست محمد بگٹی کی ہدایت پرانویسٹی گیشن ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 8 قتل کے مقدمات میں مطلوب دو نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالرزاق اور محمد اکرام کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے ایک عدد .223 بور رائفل، ایک ایس ایم جی (SMG)، تین ٹی ٹی پستول اور 30 بور کے 40 کارتوس برآمد کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق سیریس کرائم انویسٹی گیشن ٹیم نے تکنیکی تجزیے، انٹیلی جنس معلومات اور مسلسل نگرانی کے ذریعے ملزمان کا ہزار گنجی کے علاقے تک تعاقب کیا۔ مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے آپریشن ٹیم نے چھاپہ مار کر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزمان نے تفتیشی ٹیم کو قمبرانی روڈ پر واقع اپنے زیرِ تعمیر مکان کی نشاندہی کی۔ جہاں سے مزید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔پولیس کے مطابق مقدمہ کرائم برانچ کوئٹہ میں زیرِ تفتیش ہے اور ملزمان سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں