وزیراعلیٰ بلوچستان کا وزیراعلیٰ سند ھ سے رابط نصیر آباد پانی صورتحال پر گفتگو

30

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر میر سلیم خان کھوسہ نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی جس میں نصیر آباد ڈویژن میں آبپاشی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

میر سلیم خان کھوسہ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو نصیر آباد ڈویژن کی نہروں میں پانی کی شدید قلت اور اس سے زراعت اور کاشتکاروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس سلسلے میں فوری طور پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔

جس کے دوران دونوں وزراء اعلیٰ کے درمیان آبی صورتحال اور بین الصوبائی آبی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا دونوں وزرائے اعلیٰ نے بلوچستان اور سندھ کے درمیان آبی مسائل کے حل، پانی کی منصفانہ تقسیم اور موجودہ صورتحال میں بہتری کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا شاہد رند کے مطابق دونوں وزرائے اعلیٰ نے اپنے اپنے صوبوں کے وزرائے آبپاشی کو فوری طور پر سکھر پہنچنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ متعلقہ حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے آبی صورتحال کا جائزہ لیا جائے اور قابلِ عمل حل پر پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔

نصیر آباد ڈویڑن سے تعلق رکھنے والے تمام اراکین اسمبلی بھی سکھر میں آبپاشی سے متعلق ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں پانی کی قلت اور اس کے مستقل حل کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان کسانوں اور زمینداروں کے مفادات کے تحفظ اور صوبے کے حصے کے پانی کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں سندھ حکومت کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا تاکہ آبی مسائل کو باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں