عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صوبے کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے کوئٹہ، ژوب اور صحبت پور میں بیک وقت خصوصی معائنہ مہم چلائی۔ کارروائیوں کے دوران دودھ و دہی میں ملاوٹ، صفائی کی ابتر صورتحال، فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں اور فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی پر مجموعی طور پر 12 فوڈ بزنس مالکان کو جرمانے جبکہ 20 سے زائد اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
ترجمان بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ میں شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈائریکٹر آپریشنز فخرالدین مری کی سربراہی میں بی ایف اے انسپکشن ٹیموں نے گلستان روڈ پر واقع ملینیم مال میں قائم مختلف فوڈ آؤٹ لیٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 3 معروف فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور ایک آئس کریم شاپ کے مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے۔
چیکنگ کے دوران متعدد مراکز میں انتہائی ناقص صفائی، ورکرز کی ذاتی صفائی کے فقدان، کھلے کوڑے دان، پراسیسنگ ایریاز میں گندگی، نکاسی آب کے ناقص انتظامات، مکھیوں کی بھرمار، بند گوبھی میں پھپھو ندی و آلودگی، خام مال کی غیر محفوظ سٹوریج، اشیاء خورونوش پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تاریخ درج نہ ہونا، کٹنگ بورڈ کے بجائے براہِ راست میزوں پر سبزیاں کاٹنے اور تیار شدہ خوراک کو غیر مناسب انداز میں محفوظ رکھنے جیسے سنگین نقائص سامنے آئے جن پر متعلقہ مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اسی طرح بی ایف اے ملک سیفٹی ٹیم نے کرانی روڈ، بروری روڈ اور اے ون سٹی میں قائم ملک شاپس کا معائنہ کرتے ہوئے دودھ اور دہی کے سیمپلز کی موقع پر جانچ کی۔ ٹیسٹ کے دوران دودھ اور دہی میں پانی اور سکمڈ ملک پاؤڈر کی ملاوٹ ثابت ہونے پر 4 دودھ فروشوں کو جرمانہ کیا گیا جبکہ معمولی نوعیت کے نقائص پر 6 ملک شاپس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔دوسری جانب صحبت پور میں بی ایف اے زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے مختلف کریانہ سٹورز، بیکریز اور دیگر فوڈ بزنس مراکز کی چیکنگ کے دوران فوڈ بزنس لائسنس کے بغیر کاروبار کرنے اور دیگر فوڈ سیفٹی خلاف ورزیوں پر متعدد مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے جبکہ متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
حکام نے واضح کیا کہ جن کاروباری افراد کو پہلے بھی لائسنس کے حصول کی ہدایت کی جا چکی ہے ،لائسنس حاصل نہ کرنے پر ان کے خلاف آئندہ مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ادھر ژوب میں بی ایف اے زونل انسپکشن ٹیم نے مختلف ہوٹلوں، چاٹ شاپس اور دیگر فوڈ بزنس مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی اور دیگر خلاف ورزیوں پر متعدد مالکان کو جرمانے کیے گئے جبکہ تمام فوڈ بزنس آپریٹرز کو ترجیحی بنیادوں پر فوڈ بزنس لائسنس حاصل کرنے اور فوڈ سیفٹی قوانین پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ عوامی صحت کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ غیر معیاری، ملاوٹ شدہ اور غیر محفوظ خوراک کی تیاری و فروخت، نیز فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث عناصر کے خلاف صوبہ بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی اسی تسلسل سے جاری رہیں گی۔









