ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے پس پردہ رابطوں سے متعلق ایک نئی رپورٹ نے سفارتی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ ایک امریکی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی مذاکراتی ٹیم نے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس کو نجی سطح پر آگاہ کیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر مذاکراتی عمل سے ذاتی مالی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں گزشتہ ماہ ہونے والے مذاکرات کے دوران ایرانی حکام نے امریکی نائب صدر کو بتایا کہ وٹکوف اور کشنر کی موجودگی کسی پائیدار معاہدے کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہے کیونکہ ان کی توجہ سفارتی پیش رفت کے بجائے ممکنہ مالی فوائد پر مرکوز ہے۔
ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ نائب صدر جے ڈی وینس سے قریبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ ایرانی حکام نے مذاکرات کے دوران وٹکوف اور کشنر کی موجودگی پر اپنے تحفظات ضرور ظاہر کیے تھے۔
امریکی ویب سائٹ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ مبینہ طور پر خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کی مالی ہیرا پھیری سے حاصل ہونے والی رقم کی مالیت جون تک تقریباً 9 ارب ڈالر تک جا پہنچی تھی۔









