پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے صوبے کے موجودہ حالات اور عوام کو درپیش مشکلات کو مد نظررکھتے ہوئے احتجاج ،ر او پی ڈی کا بائیکاٹ ختم اور دھرنے کی کال واپس لینے کا اعلان کردیا۔ پی ایم اے کوئٹہ زون کے ترجمان نے بتایا کہ بدھ کو کمشنر کوئٹہ ڈویژن اورڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے پی ایم اے کے عہدیداروں سے ملاقات کی اورعوام کی مشکلات کو مد نظررکھتے ہوئے ڈاکٹروں کی جاری ہڑتال کو ختم کرنے کی اپیل کی۔
ترجمان نے کہا کہ بلوچستان کے ڈاکٹرز سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اوردیگر عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے سمیت جائز مطالبات کے حل کیلئے احتجاج پر تھے اور ڈاکٹروں نے او پی ڈی کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا تھا ۔ترجمان نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کی اپیل ، عوام کی مشکلات اور صوبے کے موجودہ حالات کومدنظر رکھتے ہوئے عارضی طور پر اپنا احتجاج ختم کرتے ہیں اورسرکاری ہسپتالوں میں باقاعدہ او پی ڈی میں مریضوں کے علاج معالجے کا اعلان کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ معاشرے میں ڈاکٹر مسیحا کی حیثیت رکھتے ہیں اور مجبوری میں پی ایم اے کوئٹہ اور ینگ ڈاکٹرز نے اپنے جائز مطالبات کے حل کیلئے کوئٹہ میں ریڈ زون کے باہر دھرنے اوراحتجاج کی کال دے رکھی تھی جسے صوبے کے موجودہ حالات کے پیش نظر واپس لے لیا گیا اور حالات بہتر ہوئے ہی مناسب وقت پر دوبارہ احتجاج کی کال دی جائے گی۔ترجمان نے کہا کہ آج سے صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں باقاعدہ او پی ڈیز میں مریضؤں کا علاج شروع کردیا گیا ہے۔









