بلوچستان میں موٹر ویز اور دور و یہ شاہراہوں کی عدم تعمیر کی وجہ سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں،پاکستان تحریک انصاف

31

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء اسفند یار خان کاکڑنے کہا کہ بلوچستان میں موٹر ویز اور دور و یہ شاہراہوں کی عدم تعمیر کی وجہ سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں جبکہ ملک کے دیگر صوبوںمیں جدید موٹر ویز اور دورویہ سڑکوں کا جال بچھایا گیا ہے۔20 جولائی کو شاہراہوں کو دو رویہ نہ کرنے اور موٹرویز کی عدم تعمیر کے خلاف بلوچستان سے اسلام آباد تک پیدل لانگ مارچ کریں گے اور ارباب اختیار کو اپنی آواز پہنچائیں گے۔

صوبہ کے تمام سیاسی ، سماجی، قبائلی، مذہبی، وکلاء، طلباء میڈیا کی تنظیموںا ور شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اس انسانی اہم مسئلے پرہمارے ساتھ شریک ہوجائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس مارچ کا مقصد کسی سیاسی جماعت یا گروہ کے خلاف احتجاج نہیں بلکہ بلوچستان کے عوام کے جان ومال کے تحفظ اور محفوظ شاہراہوں کے بنیادی حق کا مطالبہ ہے۔

بلوچستان میں موٹر ویز اور دور و یہ شاہراہوں کی تعمیر کے مطالبے کو لیکر اسلام آباد روانہ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو در پیش سب سے سنگین مسائل میں سے ایک خستہ حال اور ایک رویہ شاہراہیں ہیں جن کی وجہ سے آئے روز المناک ٹریفک حادثات رونما ہوتے ہیں اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ برسوں سے عوام محفوظ سفری سہولیات سے محروم ہیں جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں جدید موٹر ویز اور دورویہ سڑکوں کا جال بچھایا جا چکا ہے۔

دہشت گردی کے واقعات سے زیادہ انسانوں کی جانیں شاہراہوں کی دو رویہ نہ ہونے اور خستہ حالی کے باعث پیش آرہے ہیں اسی عوامی مسئلے کو اجاگر کرنے اور حکومت کی توجہ مبذول کرانے کے لیے ہم بلوچستان سے اسلام آباد تک پر امن پیدل لانگ مارچ کا آغاز کر رہے ہیں۔ہم تمام سیاسی، سماجی، قبائلی، مذہبی تنظیموں، وکلا، طلبہ ، میڈیا اور شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اس انسانی مسئلے پر ہمارا ساتھ دیں کیونکہ محفوظ سڑکیں ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہیں۔

بلوچستان میں مزید قیمتی جانوں کا ضیاع قبول نہیں ہے بلوچستان کو محفوظ شاہراہیں اور موٹر ویز فراہم کی جائیں۔اور وفاقی حکومت، وزارت مواصلات اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بلوچستان کی قومی شاہراہوں کو فوری طور پر دورویہ کیا جائے ، جدید موٹرویز کی تعمیر کا آغاز کرکے سڑکوں پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ روزانہ ہونے والے حادثات اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں