پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں حلقہ انتخاب میں کروڑوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں جن کی تکمیل عوام کو بنیادی سہولیات انکی دہلیز پر فراہمی میں مدد ملے گی،حلقے کے عوام نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے انہیں حل کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔
یہ بات انہوں نے اتوار کو لہڑی ہاس کوئٹہ میں ملاقات کرنے والے قبائلی وسیاسی شخصیات اور حلقے کے عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت پریقین رکھتی ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور تاریخ میں پہلی مرتبہ پیپلزپارٹی کی مخلوط حکومت نے صوبے کے تمام حلقوں کو یکساں فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے اور صوبے میں اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ اپنے حلقہ انتخاب کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صحت کی سہولیات سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی لائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ میرے ایم پی اے فنڈز سے حلقے میں کروڑوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور کئی منصوبے مکمل ہوچکے ہی جن سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے میری کوشش ہوگی کہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادں پر حل کیا جائے۔









