پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے ملک میں انٹرنیٹ کی فراہمی متاثر ہونے پر بیان سامنے آگیا۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ (SEA-ME-WE 5 (SMW5 بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک میں آنے والے تعطل کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ اس خرابی کے نتیجے میں بعض انٹرنیٹ صارفین کو سروس کے معیار اور کنیکٹیویٹی میں وقتاً فوقتاً ڈیگریڈیشن کا سامنا ہوسکتا ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہےکہ ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے)، SMW5 کنسورشیم کے ساتھ مل کر خرابی کی بنیادی وجہ معلوم کرنے اور سروس کی بحالی کے متوقع وقت کے تعین کے لیے کام کر رہی ہے۔ اس دوران خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی روابط کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی اے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ملک بھر میں انٹرنیٹ خدمات کی مکمل بحالی کو جلد از جلد یقینی بنایا جا سکے۔









