بلوچستان انتظامی، تعلیمی اور صحت کے بحران سے دوچار ہے، نیشنل پارٹی

15

نیشنل پارٹی خضدار کے ضلعی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان اس وقت شدید انتظامی، تعلیمی اور صحت کے بحران سے دوچار ہے، جس کی بنیادی ذمہ داری حکومت بلوچستان پر عائد ہوتی ہے۔
حکومت کی غیر سنجیدگی اور عوامی مسائل سے چشم پوشی کے باعث گرینڈ الائنس ملازمین احتجاج پر مجبور ہوئے، جس کے نتیجے میں تعلیمی ادارے، ہسپتال اور دیگر اہم سرکاری ادارے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر گرینڈ الائنس ملازمین کے ساتھ بامقصد مذاکرات کا آغاز کرے اور چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق تمام جائز مطالبات خوش اسلوبی، سنجیدگی اور باہمی اتفاقِ رائے سے حل کرے تاکہ صوبے میں معمولاتِ زندگی بحال ہوں۔

مسائل کو طول دینا نہ حکومت کے مفاد میں ہے اور نہ ہی عوام کے۔ترجمان نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے ہزاروں طلبہ و طالبات کا مستقبل دا پر لگا ہوا ہے، جبکہ ہسپتالوں میں طبی خدمات متاثر ہونے سے مریضوں کو ناقابلِ برداشت مشکلات کا سامنا ہے۔

حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو اس اذیت سے نکالنے کے لیے فوری اور مثر اقدامات کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں موجود اپوزیشن جماعتیں، بالخصوص قائد حزب اختلاف، اپنی آئینی، جمہوری اور سیاسی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے اس اہم عوامی مسئلے کو اسمبلی کے اندر بھرپور انداز میں اٹھائیں، حکومت کو جوابدہ بنائیں اور ملازمین کے جائز مطالبات کی حمایت میں مثر کردار ادا کریں۔

ضلعی ترجمان نے کہا کہ نیشنل پارٹی ہمیشہ جمہوری جدوجہد، مذاکرات، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق پر یقین رکھتی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ طاقت، ہٹ دھرمی اور تاخیری حربوں سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ مزید پیچیدہ ہوتے ہیں۔

حکومت کو چاہیے کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری مذاکرات کرے، ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم کرے اور صوبے میں عوامی خدمات کی مکمل بحالی کو یقینی بنائے۔نیشنل پارٹی خضدار مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت بلوچستان فوری طور پر مذاکرات کی میز سجائے، گرینڈ الائنس ملازمین کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق تمام جائز مطالبات منظور کرے اور تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی عوامی خدمات کو مزید متاثر ہونے سے بچائے، کیونکہ عوام کو انتظامی ناکامیوں کی سزا دینا کسی بھی مہذب جمہوری معاشرے میں قابل قبول نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں