رواں مالی سال کے لیے جی ڈی پی میں 4.2 فیصد اضافے کا ہدف پورا نہ ہوسکا ، نیشنل اوکاؤنٹس کمیٹی نے رواں مالی سال کیلئے 3.7 فیصد جی ڈی پی گروتھ کی منظوری دے دی ۔
سیکرٹری منصوبہ بندی کی زیرصدارت نیشنل اکاوئنٹس کمیٹی نے رواں مالی سال کیلئے عبوری جی ڈی پی گروتھ کی منظوری دے دی۔
نیشنل اکاونٹس کمیٹی نے رواں مالی سال کے لیے جی ڈی پی میں اضافے کا ہدف کم کر کے 3.7 فی صد جی ڈی پی گروتھ کی منظوری دے دی۔
پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے دوران بڑی صنعتوں کی ترقی کی شرح 6.11 فی صد رہی، زرعی شعبے کی گروتھ 2.89فیصد رہی، صنعتی شعبے کی گروتھ 4.3فیصد ہدف کے مقابلے میں 3.51 فیصد اور خدمات کے شعبے کی شرح نمو 4 فیصد ہدف سے معمولی زیادہ 4.09فیصد رہی۔
پاکستان ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں معیشت کا حجم 44 ارب ڈالر اضافے سے 452 ارب 10 کروڑ ڈالر ہوگیا، فی کس سالانہ آمدن 9 فیصد اضافے سے 5 لاکھ 33 ہزار 629 ہو گئی ۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال مجموعی فکسڈ سرمایہ کاری 10.9فیصد اضافے سے 16ہزار71ارب روپے تک پہنچ گئی ، جس میں نجی سرمایہ کاری 12.8 فیصد اور پبلک سیکٹر کی 11.6 فیصدبڑھی جنرل گورنمنٹ فکسڈ سرمایہ کاری میں 3.9فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کا تنازع نہ ہوتا تو معاشی ترقی کی شرح 4 فی صد تک پہنچ سکتی تھی۔









