وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان ٹیلی ویژن کی ایوارڈ یافتہ سینئر آرٹسٹ دردانہ بلوچ کی اچانک سرِ راہ غیر متوقع ملاقات ہوئی، جس کے دوران سینئر فنکارہ نے اپنی مالی مشکلات سے آگاہ کیا ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دردانہ بلوچ کی بات کو توجہ سے سنتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حکومت اپنے فنکاروں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ آپ کو فاقہ کشی کا شکار نہیں ہونے دیں گے اور آپ کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محکمہ ثقافت کو ہدایت جاری کی کہ سینئر آرٹسٹ دردانہ بلوچ کی مکمل سرپرستی کو یقینی بنایا جائے اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سینئر فنکار ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔ انہوں نے دردانہ بلوچ کو یقین دلایا کہ ان کا مکمل خیال رکھا جائے گا اور حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔









