اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی کیپٹن (ر)عبدالخالق خان اچکزئی کی زیر صدارت اسپیکر چیمبر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور بالخصوص صوبائی اسمبلی کی حفاظت کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد، اور ایڈیشنل سیکرٹری فیاض علی نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری نے اسپیکر کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اسپیکر نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات اور غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کو مزید مثر اور سخت بنانے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے خاص طور پر بلوچستان صوبائی اسمبلی کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے پر زور دیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی پلان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی کو مثر بنایا جائے اور سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کو مزید بہتر کیا جائے۔یہ اجلاس موجودہ غیر یقینی اور غیر متوقع حالات کے پیش نظر منعقد کیا گیا، جس کا مقصد ممکنہ خطرات کا سدِباب اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا تھا۔









